موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ‘خواجہ فاروق

مظفرآباد ( محاسب نیوز )سابق سینئر وزیر و اپویشن لیڈر قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے نو منتخب عہدیداران صدر سہیل مغل ،سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی ودیگر کو ہار ڈال کر مبارک باد دی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حوالہ سے میڈیا کا نمایاں رول ہے ۔اس حوالہ سے سینٹرل پریس کلب پر بھاری ذمہ داریاں ہیں جو کہ ریاست کا قدیمی صحافتی ادارہ ہے جس کے ساتھ اہم شخصیات وابستہ رہیں ۔انہو ں نے کہا کہ الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا نے ریاستی حوالہ سے ہمیشہ اپنا کردار نبھایا ۔آج اس ادارہ میں بزرگوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی بڑی اکثریت صحافتی شعبہ کے ساتھ منسلک ہے جن سے بے حد امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ عوامی مسائل کے حوالہ سے اپنی ذامہ داریاں پوری کرے گی ۔ا نہوں نے کہا کہ صحافت اور سیاست کا گہرا تعلق ہے ۔سیاست دان اور صحافی دونوں مشکل احالات میں اپنا فرائض سرانجام دیتے ہیں ،دونوں کا مقصد بہتری کے لیے کام کرنا ہے ۔انہوں نے نومنتخب عہدیداران سے امید ظاہر کی کہ وہ آئین ،قانون کی بالا دستی ،آزادی صحافت ،جمہوری روایات کے فروغ اور ریاستی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔




