امریکہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے ہولناک نتائج برآمد ہونگے‘مبارک حیدر

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد اور امیدوار اسمبلی حلقہ نمبر 3 سٹی مظفرآباد سردار مبارک حیدر نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملہ ایک سنگین اور فحش غلطی ہے جس کے نتائج نہایت ہولناک ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی جارحیت خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہی ہے اور عالمی برادری کو فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔اپنے ایک بیان میں سردار مبارک حیدر نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جنگیں صرف پیسے اور جدید اسلحے کی بنیاد پر نہیں جیتی جاتیں بلکہ اصل کامیابی قوتِ ایمانی، حوصلے اور عوامی اتحاد سے حاصل ہوتی ہے، جو ایران کی قوم میں بھرپور انداز میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں کیے گئے فیصلے ہمیشہ تباہی اور عدم استحکام کو جنم دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی کشیدگی اور تنازعات کا شکار ہے اور ایسے اقدامات عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے لیے کردار ادا کریں اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کیا جائے۔سردار مبارک حیدر نے کہا کہ مسلم اُمہ کو اس نازک صورتحال میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ خطہ مزید تباہی سے محفوظ رہ سکے۔



