مظفرآباد

ایران پر امریکہ‘ اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں‘ آغاسیدحسن الموسوی

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعان کے صدر آغاسیدحسن الموسوی الصفوی نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ اسلام کے لیے عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایرا ن اپنے دفاع کا بھرپور حق محفوظ رکھتا ہے۔ ایران نے اپنا بھرپور دفاع کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔مشرق وسطیٰ کے ممالک میں امریکی اڈوں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر بھاری نقصان کیا ہے۔ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں سپریم لیڈر خامنہ ای کی بیٹی اورنواسہ‘ آیت اللہ خامنہ ای کے داماد اور بہو بھی شہید ہوگئی ہیں۔سینکڑوں شہری شہید وزخمی ہوئے ہیں۔مریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملے کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کھلی دہشت گردی اور ریاستی جارحیت کا نوٹس لے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے فوری کردار ادا کرے۔سپریم لیڈر‘ رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی جدوجہد، بصیرت اور استقامت امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔ان قربانیوں کے نتیجہ میں امریکہ اور اسرائیل اپنے انجام کوپہنچیں گے۔شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا اور یہ قربانیاں ظلم و استبداد کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔ امتِ مسلمہ کا اتحاد و یکجہتی موجودہ حالات میں باہمی اتفاق اور بصیرت سے کام لینا ہوگا۔

Related Articles

Back to top button