موجودہ حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر کاربند ہے،وزیر اعلیٰ
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خپلو کا دورہ کیا

خپلو(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خپلو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر فوری طور پر بھرتی کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر اعلیٰ نے قندوس سیلاب متاثرین کے لیے ضروری ادویات صوبائی سیکریٹری صحت اور متعلقہ افسران کے حوالے کیں۔اس۔وقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی گھڑی میں متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری صحت کی سہولیات بہم پہنچانا اور عوام کو بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی کی۔