
ایبٹ آباد (محاسب نیوز)ڈپٹی ڈائریکٹر/ ریجنل انفارمیشن آفیسر ایبٹ آباد اکرام اللہ سعید نے صوبائی حکومت کی ہدایت اور خیبر پختونخوا پریس، نیوز پیپرز, نیوز ایجنسیز اینڈ بک رجسٹریشن ایکٹ مجریہ 2013 کے تحت ایبٹ اباد میں واقع مختلف پرنٹنگ پریسز کا دورہ کیا۔ پرنٹنگ پریسز کی ڈیکلریشن اور تجدیدِ ڈیکلریشن کا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ اس موقع پر ریجنل انفارمیشن آفس کے اسسٹنٹ ارسلان رشید اور انجمن تاجران پرنٹنگ پریس یونین ایبٹ آباد کے صدر حاجی عباس سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ایسے پرنٹنگ پریس مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے جن کی ڈیکلریشن مکمل نہیں تھی یا جنہوں نے تجدید نہیں کروائی تھی۔ ریجنل انفارمیشن افسر نے واضح کیا کہ بغیر ڈیکلریشن اور تجدید کے کسی بھی پرنٹنگ پریس کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں اور اس ضمن میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دریں اثنا ریجنل انفارمیشن آفیسر ایبٹ اباد نے ہزارہ ڈویژن میں قائم تمام پرنٹنگ پریسز کے مالکان کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے پرنٹنگ پریسز کی سالانہ رجسٹریشن ہر صورت 30 ستمبر 2025 تک مکمل کریں۔انہوں نے ایسے تمام پرنٹنگ پریسز جو بغیر ڈکلیئریشن کے غیر قانونی طور پر قائم ہیں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا پریس، نیوز پیپرز، نیوز ایجنسیز اینڈ بک رجسٹریشن ایکٹ 2013 کے تحت لازمی ڈیکلریشن کے حصول کے لیے ریجنل انفارمیشن آفس ایبٹ اباد سے قبل از مقررہ تاریخ رجوع کریں تاکہ یکم اکتوبر 2025 کے بعد غیر رجسٹرڈ/ غیر تجدید شدہ پرنٹنگ پریسز قانونی کارروائی سے بچ سکیں