ایکشن کمیٹی کے مطالبات،مذاکرات کے ذریعے حل کیئے جائیں،مسلم لیگ ن
اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاسی کمیٹی برائے آزادجموں کشمیر کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی وزیر اعظم پاکستان کے سیاسی امور کے مشیر نو منتخب سینٹر رانا ثنا اللہ خان، وفاقی وزیر امورکشمیر امیرمقام، پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق،مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، سیکرٹری انفارمیشن بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے شرکت ور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں شریک ہوئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر راجہ مشتاق احمد منہاس اور عبدالرحمان آرائیں بیرون ملک ہونے کی وجہ سے میٹنگ میں شریک نہ ہوسکے۔اجلاس میں آزاد جموں کشمیرکی موجود ہ سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا۔ اجلاس میں آزاد جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے ممبران کمیٹی نے مرکزی ممبران کمیٹی جو فیڈرل گورنمنٹ کا حصہ ہیں سے مطالبہ کیا کہ آزاد جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال میں طاقت کا استعمال کسی صورت مناسب نہیں رہے گا۔ آزاد جموں کشمیر کی حکومت کو آئین اور قانون کے مطابق صورت حال کو ھینڈل کرنا چاھیے۔ ایکشن کمیٹی اور حکومت آزاد جموں کشمیر کے درمیان طے شدہ امور پر عمل کیا جائے۔ ایکشن کمیٹی کے وہ مطالبات جو بعد میں شامل کیے گئے ہیں اگر قابل عمل ہوں اور ان پر فوری طور عمل در آمد ہو سکتا ہو تو ان مطالبات کو حکومت آزاد جموں کشمیر کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔۔ ایکشن کمیٹی کو بھی آئین اور قانون مطابق جموری تقاضے پورے کرتے ہوئے پر امن رھتے ہوئے اپنے مطالبات کو دلائل کے ساتھ حکومت آزاد جموں کشمیر کے سامنے رکھنا چاھیے۔ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے اندر امن عامہ کی صورت حال کو قائم رکھنا چاھتی ہے اور سیاسی رواداری کی روایات کو قائم رکھنے کی خواہشمند ہے۔ پہلے بھی پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر نے آزاد جموں کشمیر کے عوام کے آئینی اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی جمہوری جدوجہد کے ذریعے تمام تر سیاسی اور عوامی مسائل کے حل کے کردار ادا کرتی رہے گی۔ مشیر سیاسی امور اور وزیر امور کشمیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو اعلی سطح پر زیر غور لا کر عوامی اور قومی مفاد میں جلد بہتر فیصلے کیے جائیں گے اور فریقین کے درمیان مزاکراتی عمل کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکومت پاکستان آزاد جموں کشمیر کے عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے حسب سابق ہر اقدام کرے گی۔