مظفرآباد

ثمر سراج نے ن لیگ کے ٹکٹ کیلئے درخواست دے دی

راولپنڈی(راجہ ساجد سے)سابق امیدوار اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ثمر سراج چوہدری نے حلقہ ایل اے 26 لوئر نیلم سے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ آفس میں باضابطہ طور پر درخواست جمع کروا دی۔ ان کی جانب سے ٹکٹ کی درخواست جمع کرائے جانے پر حلقہ بھر میں پارٹی کارکنان اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر سراج چوہدری نے کہا کہ انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حلقے کے عوام پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر پارٹی قیادت نے ٹکٹ ان کے حق میں دینے کا فیصلہ کیا تو وہ لوئر نیلم کی نشست کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے لیے ایک تحفے کے طور پر جیت کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے مشکل ترین حالات میں ملک کو بحران سے نکالا اور قومی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔ثمر سراج چوہدری نے آزاد کشمیر میں پارٹی کی مضبوط پوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور دیگر قائدین کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کی بدولت آج مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ایک ناقابلِ شکست قوت بن چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی اور عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دینا ہر کارکن کا جمہوری حق ہے جبکہ ٹکٹ جاری کرنے کا مکمل اختیار پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ کا جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ اسے دل سے قبول کریں گیثمر سراج چوہدری نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ وہ کسی شخصیت کے خلاف میدان میں اترے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی درخواست کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے ایک جمہوری عمل کا حصہ ہے، اور وہ پارٹی نظم و ضبط اور قیادت کے فیصلوں پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button