سندھ کے صحافیوں کے وفد کا پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ

مظفرآباد (محاسب نیوز) سندھ کے مختلف اضلاع کے صحافیوں کے وفد نے گزشتہ روز پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ کیا اور ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ناظم سوشل و ڈیجیٹل میڈیا محمد بشیر مرزا، محکمہ اطلاعات کے افسران راجہ محمد سہیل خان، سید آصف حسین نقوی، راجہ عبدالباسط، خواجہ محمد حنیف، خضر حیات، شمیم انجم عزیز، صغیر احمد ساجد نذیر و دیگر بھی موجود تھے۔ ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونیوالی تعمیر و ترقی پاکستان کی مرہون منت ہے، پاکستان نے ہمیشہ اپنے کشمیریوں کیلئے بلاتفریق وسائل فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیان المرصوص کے بعد اہل کشمیر باالخصوص لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، پاکستان ہی کشمیریوں کا واحد وکیل ہے پاکستان کی مضبوطی اور استحکام تحریک آزادی کشمیر یعنی تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگی اور سفارتی محاذ پر جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ اہل کشمیر کے لیے باعث فخر ہیں۔ راجہ امجد حسین منہاس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا بلیک آؤٹ اور ذرائع ابلاغ پر پابندی ہیاور قابض ہندوستانی فورسز کشمیریوں کو محصور کر کے ان پر انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ سندھ کے صحافیوں کے وفد نے آزاد کشمیر کے محکمہ تعلقات عامہ / اطلاعات کی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور جنرل ورکنگ کیپسٹی پر مسرت کا اظہار کیا اور آزاد کشمیر میں حکومت کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات باالخصوص پریس فاونڈیشن کے ذریعے کیے جانے والے اقدامات پر حکومت کی بھرپور ستائش کی۔آفیسر اطلاعات راجہ سہیل خان نے صحافیوں کو پی آئی ڈی کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کروایا اور بریفنگ دی۔




