فلائی اوور منصوبہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کا ذریعہ

مظفرآباد (رپورٹ جہانگیر حسین اعوان) دارالحکومت مظفرآباد کے عوامی اہمیت کا حامل منصوبہ فلائی اوور سی ایم ایچ چوک مکمل تو نہ ہوسکا لیکن ڈینگی مچھر کی افزائش نسل کا ذریعہ بن گیا۔ اس فلائی اوور کے نیچے پانی جمع ہوتا ہے۔ جس میں ڈینگی مچھر لاروا کی افزائش نسل شروع کردی ہے جو اردگرد کے تاجروں شہریوں کو بری طر ح متاثرکررہا ہے۔ محکمہ صحت عامہ کی ڈینگی مچھر خاتمہ کیلئے متحرک ٹیمیں روانہ ہیں۔ فلائی اوور کے نیچے سے لاروا تلف کررہی ہیں۔ فلائی اوور منصوبہ کے چھ سال سے تعمیر نہ ہونے پر دارالحکومت مظفرآباد کے سیاسی سماجی تاجرحلقوں نے شدید ردعمل کااظہار کیا ہے۔ سیاسی سماجی رہنما سلیم اعوان نے کہا کہ ستم ظریفی ہے کہ نلوچھی پل شاہ سلطان پل کے منصوبوں کو تعطل کا شکار کرنے والوں نے اب فلائی اوور کے منصوبے کو جان بوجھ کر تاخیری حربوں سے التواء میں رکھا ہوا ہے۔16کروڑ روپے کے فنڈز کیلئے اس منصوبہ کو ریوائز کیا جائے مگر ہمارے مظفرآباد ڈویژن کے ممبران اسمبلی بھی خاموش تماشائی ہیں۔ شہری اذیت کا شکار ہیں۔