مظفرآباد
آزادکشمیر کا بجلی نظام بہتر بنانے کیلئے 18ارب کب لگائے جائیں گے‘اعجاز کالا
مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)دارالحکومت مظفرآباد کے معروف سیاسی و سماجی رہنما ء اعجاز کالا اعوان نے کہا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا یہ دعوی ہے کہ انہوں نے آزادکشمیر میں بجلی کا نظام درست کرنے کیلئے 18 ارب روپے وفاقی حکومت سے مختص کروایا ہے۔ ہمیں یہ بتایا جائے کہ یہ 18 ارب روپے کب آزادکشمیر میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے لگائے جائیں گے۔ ابھی تو صورتحال یہ ہے کہ گھنٹہ پر گھنٹہ لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے ساتھ ساتھ کئی کئی دن عوام بجلی سے محروم ہیں۔ اپنے ایک بیان میں اعجاز کالا اعوان نے کہا کہ جب جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے عوام کو 18 ارب روپے بجلی کے نظام کو درست کرنے کا مژدہ خوشخبری سنایا تھا تو عوام کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے تھے کہ اب انہیں بجلی کے سلسلہ میں کسی قسم کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن عوام کی یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی اب عملاً صورتحال یہ ہے کہ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں دو دو دن سے بجلی نہیں ہوتی۔ عوام میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچے، بوڑھے اور مریض پریشان ہیں۔ بچوں کے کپڑے تک استری نہیں ہوسکتی انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی تو 3 روپے فی یونٹ کر دی لیکن ساتھ ہی عوام کو اندھیرے میں ڈبو دیا۔ اس کے ساتھ ہی حیرت ہمیں اس بات پر ہے کہ ایکشن کمیٹی بھی خاموش تماشی کا کردار ادا کر رہے ہے۔ ان حالات میں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دارالحکومت کی عوام پر توجہ دیں اور بجلی کے نظام کو درست کیا جائے۔





