KIU میں بی ایس سول انجینئرنگ کے کلاسز کا باقاعدہ آغاز،تعارفی سیشن
گلگت بلتستان کے ہر طالب علم تک جدید انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم پہنچانا ان کا دیرینہ مقصد تھا جو اب شرمندہ تعبیر ہوا،وائس چانسلر

گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے تعلیمی میدان میں ایک اور درخشاں سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بی ایس سول انجینئرنگ پروگرام کے باقاعدہ کلاسز کا آغاز کر دیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یوکے مطابق اس تاریخی موقع پر یونیورسٹی کے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس میں شاندازر تعارفی سیشن منعقد کیا گیا۔ جس میں وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بطور مہمان خصوصی کی شرکت۔ سیشن میں ان کے ہمراہ فیکلٹی ممبران اور نئے داخلہ لینے والے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اس لمحے کو یادگار بنایا۔سیشن سے خطاب میں وائس چانسلر کے آئی یو پر وفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ آج ان کا ایک عظیم خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ انہوں نے اپنے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہر طالب علم تک جدید انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم پہنچانا ان کا دیرینہ مقصد تھا جو اب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام خطے کے نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے جو انہیں عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے اور اپنے مستقبل کو روشن کرنے کا راستہ فراہم کرے گا۔وائس چانسلر نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم، مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک مثال قائم کریں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور پیشہ ورانہ ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں تاکہ وہ نہ صرف ایک کامیاب انجینئر بلکہ ایک ذمہ دار شہری کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔یہ نیا پروگرام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایک عظیم الشان قدم ہے۔ یہ اقدام گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے افق کھولے گا اور انہیں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ پروگرام نہ صرف تعلیمی میدان میں ایک انقلاب لائے گا بلکہ خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔