Uncategorizedمظفرآباد

پاکستان چین کا سی پیک کی تعمیر آگے بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ (یواین پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ساتویں چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کی۔پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق وانگ ای نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطحی تبادلے کو برقرار رکھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے لیے تزویراتی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، اسٹریٹجک باہمی اعتماد کو مضبوط کرنے، عملی تعاون کو وسعت دینے، سیکورٹی تعاون کو گہرا کرنے، کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے اور مزید قریب چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔وانگ ای نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال مزید پیچیدہ اور غیر مستحکم ہوتی جا رہی ہے اور یکطرفہ غنڈہ گردی مزید بڑھ رہی ہے۔ وینزویلا کی صورتحال میں اچانک تبدیلی نے خاصی بین الاقوامی توجہ حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے کہ کوئی بھی ملک بین الاقوامی پولیس کے طور پر کام کر سکتا ہے اور نہ ہی ہم اس بات سے متفق ہیں کہ کوئی بھی ملک بین الاقوامی منصف ہونے کا دعویٰ کرے۔ تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی بین الاقوامی قانون کے ذریعے مکمل طور پر محفوظ ہونی چاہیے۔ وانگ ای نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا دھمکی اور ایک ملک کی مرضی دوسرے پر مسلط کرنے کی مخالفت کی ہے۔

Related Articles

Back to top button