پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس اور الیکشن کمیشن GBکا باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد:پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس اور الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مابین ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں باہمی دلچسپی کیاہم امور، آئندہ انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں (Final Delimitation) کے بلاکس سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ الیکشن میں باہمی تعاون کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔اجلاس میں ممبر سپورٹ سروسز پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس محمد سرور گوندل، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رابعہ اعوان، پروونشل الیکشن کمشنر عابد رضا، ڈائریکٹر محمد یاسر اشفاق، ڈائریکٹر عمران سلیم، ڈپٹی سینسز کمشنر سعید احمد اور چیف سسٹم اینالسٹ خواجہ آصف مجید سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان مستقبل میں بھی قریبی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے پر زور دیا گیا تاکہ انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور اعداد و شمار کی بنیاد پر مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اس موقع پر پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس نے گلگت بلتستان کے انتخابی عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات انتخابات کے عمل کو مزید شفاف اور عوامی توقعات کے مطابق بنائیں گے۔