بھارت جتنا بھی زورلگالے، تحریک آزادی کشمیر بہت جلد کامیاب ہوگی، شاہ غلام قادر

اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر پاکستان مسلم لیگ ن و قائد حزب اختلاف آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر سے چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس وسابق کوآرڈینیٹر وزیراعظم آزادکشمیر برائے یورپ ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر چوہدری نعیم اختر نے اہم ملاقات کی دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اس موقع پر شاہ غلام قادر نے چوہدری نعیم اختر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں عالمی اداروں سے مطالبہ ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اگر حالات کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ساری دنیا کا امن تباہ وبرباد ہوسکتا ہے۔انھوں نے چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر کی مسئلہ کشمیر کے لئے کی جانے والی کاوشوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری ہمارے سفیر ہیں جنھوں نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور اجاگر کیا اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا بھیانک چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کیا انھوں نے کہا مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے قدیم حل طلب تنازعہ ہے جس کے حل کے لیے دنیا کو آگے بڑھ کر عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے کہا کہ ہم پیرس سمیت دنیا بھر کے اندر مظلوم ومحکوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کریں گے اور دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ دکھائیں گے بھارت چاہے جتنا مرضی زور لگا لے مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیری ثابت قدم رہیں گے اور ان شاء اللہ تحریک آزادی کشمیر بہت جلد کامیاب وکامران ہو گی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت مل کر رہے گا۔



