بھارت کے غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز بیانات امن کیلئے خطرہ ہیں،جاوید ایوب

مظفرآباد(محاسب نیوز) وزیر حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر سردار محمد جاوید ایوب نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی ”گیدڑ بھبکیوں ” پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت شاید آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کے ہاتھوں ملی عبرت ناک شکست کو بھول چکا ہے۔ اس آپریشن میں پاکستانی افواج نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت کی عظیم مثال قائم کی جس نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ دفاعِ وطن میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان آج بھی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔ پاکستانی فوج نہ صرف جدید عسکری حکمتِ عملی رکھتی ہے بلکہ قوم کی دعاؤں اور اعتماد سے بھی سرشار ہے۔انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے مگر اپنی سرحدوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔وزیرِ حکومت نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ اگر اس نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اس بار پہلے سے زیادہ بھرپور جواب اے گا۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر اپنے محافظوں کا ساتھ دے گی۔