مظفرآباد

اپوزیشن مظلوم اور نظرانداز طبقات کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے، خواجہ فاروق

مظفرآباد(محاسب نیوز)قانون ساز اسمبلی آزادجموں و کشمیر میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے پہلے انٹرن شپ پروگرام انٹرنز کے معلوماتی سیشن بعنوان پارلیمانی نظام حکومت میں اپوزیشن کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اپوزیشن حکومت کے جملہ عوامل پر کڑی نظر رکھتی ہے اور عوام کی آواز بن کر جمہوری توازن قائم رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ ایک ذمہ دار اپوزیشن نہ صرف حکومت کو جوابدہ بناتی ہے بلکہ جمہوریت کی بقاء اور عوامی حقوق کے تحفظ کی بھی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے فیصلوں، پالیسیوں، بجٹ اور قانون سازی کا تنقیدی جائزہ لیتی ہے اور اس دوران اگر حکومت کسی بدعنوانی یا غلط پالیسی میں ملوث ہو تو اس کی نشاندہی کرنا اپوزیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اپوزیشن عوامی مسائل کو پارلیمان میں اٹھاتی ہے۔مظلوم، کمزور یا نظرانداز شدہ طبقات کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے۔عوامی مفاد کے خلاف فیصلوں پر سوال اٹھا کر حکومت کو مجبور کرتی ہے کہ عوامی مفاد کو ٹھیس نہ پہنچے۔قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ حکومت بالعموم اکثریت کی بنیاد پرقوانین منظور کرتی ہے تاہم اپوزیشن مسودات قوانین پر بحث میں حصہ لے کر متبادل تجاویز پیش کرتی ہے۔قوانین میں خامیوں کی نشاندہی کر کے ان کو بہتر بنانے کے لیے مثبت تجاویز پیش کرتی ہے اور اگر حکومت کو قاتل کرنے میں کامیاب ہو جائے تو مجوذہ ترمیم و ترامیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔اپوزیشن کو حکومت کے اچھے اقدامات کی تائید و تعریف بھی کرنی چاہیے۔پارلیمانی نظام حکومت میں اگر اپوزیشن موثر ہو تو حکومت من مانی نہیں کر سکتی۔اپوزیشن سوالات، تحاریک التواء، توجہ دلاؤ نوٹسز وغیرہ کے ذریعے حکومت کو جوابدہ بناتی ہے۔پارلیمانی نظام حکومت میں اپوزیشن کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں، اس عمل سے جمہوری حسن و احتساب کا عمل جاری رہتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مطلوبہ عددی تعداد نہ ہونے کے باعث اپوزیشن اجلاس requisite نہیں کر سکتی جس کے باعث ہمیں عوامی مسائل سامنے لانے میں خاطرخواہ کامیابی نہ ہو سکی تاہم حلقے کے عوام سے قربت میں واضح اضافہ ہوا۔اپنی بااختیار وزارت کے دوران عوام کی بڑھ کر خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے سو گلے شکوے ہو سکتے ہیں مگر پاکستان سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ہو سکتا۔ہمیں فخر ہے کہ ہماری حفاظت اٹامک پاور پاکستان کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے انٹرنز کے سوالات کے مدلل جوابات دے کر انہیں مطمئن کیا۔انٹرنز نے سیشن کو انتہائی معلوماتی قرار دیا۔اس موقع پر خانزادہ امجد محمود خان ایڈیشنل سیکرٹری،سردار ظفراعظم ایڈیشنل سیکرٹری،راجہ طارق محمود خان ڈپٹی سیکرٹری، راجہ شہباز احمدخان اسسٹنٹ سیکرٹری،سلمیٰ آفتاب اسسٹنٹ سیکرٹری/کوآرڈینیٹر انٹرن شپ پروگرام و دیگر موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button