مہاجرین جموں وکشمیر کی 12نشستیں کسی صورت ختم نہیں کی جائینگی، سردار عتیق

مظفرآباد(محاسب نیوز)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے ایک میڈیا ٹاک کے دوران اہم سیاسی امور اور تحریکِ آزادی کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر کی بارہ نشستیں کسی صورت ختم نہیں کی جائیں گی، کیونکہ یہ نشستیں نہ صرف آئینی اہمیت رکھتی ہیں بلکہ تحریکِ آزادی کشمیر کی نمائندہ اور علامتی حیثیت بھی رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے ان نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ سامنے آیا ہے، جو دراصل ریاستِ جموں و کشمیر کی تاریخی اور سیاسی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔سردار عتیق احمد خان نے واضح کیا کہ مہاجرین کی نشستیں اس وقت قائم کی گئیں جب لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان نشستوں کو ختم کرنے کی بات دراصل شہداء کشمیر کی قربانیوں سے انکار کے مترادف ہے، اور مسلم کانفرنس کسی صورت اس عمل کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس ہمیشہ سے تحریکِ آزادی کشمیر کی سیاسی و نظریاتی ترجمان رہی ہے، اور آج بھی اس تحریک کے تسلسل، تکمیل اور عالمی سطح پر اس کے مقدمے کو زندہ رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ان کے مطابق، تحریکِ آزادی کشمیر محض سیاسی جدوجہد نہیں بلکہ عقیدے، شناخت اور حقِ خودارادیت کی جنگ ہے، جسے کسی سیاسی مصلحت کے تحت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔




