ابیٹ آبادتازہ ترین

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریلیف فراہمی ترجیح ہے ، کمشنر ہزارہ

ایبٹ آباد(محاسب نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت موسمِ سرما کی آمد کے پیشِ نظر ونٹر کنٹی جنسی پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں ممکنہ برفباری اور بارشوں کے دوران انتظامات اور پلان پیش کیے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے کہا کہ موسمِ سرما کے دوران عوام کی سہولت اور بروقت ریسکیو کارروائیوں کے لیے تمام اضلاع اپنے انتظامات مکمل رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پلانز میں تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے، حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے وہاں مشینری اور دیگر ضروری سہولیات پیشگی مہیا کی جائیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں اور ان کے رابطہ نمبرز تمام متعلقہ محکموں سے شیئر کیے جائیں۔ کنٹرول رومز کو فعال رکھا جائے اور عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔انہوں نے ہدایت دی کہ برفباری والے علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سینٹرز ایسے مقامات پر بنائے جائیں جہاں سے کم سے کم وقت میں مدد پہنچائی جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA) اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر موسم کی تازہ ترین صورتحال میڈیا اور سوشل میڈیا پر جاری کریں تاکہ سیاح گلیات یا ناران کا رخ کرنے سے پہلے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں۔انہوں نے ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ برفباری والے علاقوں میں اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کا دورہ کریں، ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں۔ اگر کسی جگہ کوئی کمی ہو تو فوری طور پر رپورٹ کی جائے۔کمشنر ہزارہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کنٹی جنسی پلان پر عملدرآمد ہر حال میں یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے ہدایت دی کہ اگر کسی ضلع کو ریلیف سامان یا مالی معاونت کی ضرورت ہو تو باضابطہ طور پر کمشنر آفس کو آگاہ کیا جائے تاکہ معاملہ صوبائی حکومت کو ارسال کیا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button