جہلم ویلی میں خود کشی روک تھام‘ 19نومبر مہم شروع کرنے کا اعلان

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)ضلع جہلم ویلی میں خودکشی کی روک تھام اور ذہنی آسودگی کے لیے جامع مہم کا باقاعدہ آغاز 19 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل نے صحافیوں کو بتایا کہ خودکشی کے رحجانات کے تدارک کے لیے تربیتی سیمینار اور ورکشاپس منعقد ہوں گی ان پروگراموں میں سکول اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ طلبہ کی ذہنی صحت سے متعلق ابتدائی نشانیوں کو پہچان کر بروقت رہنمائی کر سکیں،مقامی کمیونٹی سطح پر بھی آگاہی سیشن منعقد کیے جائیں گے،جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ کمیونٹی اور گھریلو سطح پر ذہنی آسودگی کے فروغ میں موثر کردار ادا کر سکیں،ڈی ایچ او جہلم ویلی ڈاکٹر طاہر رحیم مغل کے مطابق محکمہ صحت اس سلسلے میں مزید موثر اقدامات بھی متعارف کروا رہا ہے، جن کے ذریعے ذہنی صحت سے متعلق مسائل کی جلد تشخیص اور رہنمائی ممکن ہو سکے گی،ڈاکٹر طاہر مغل نے کہا کہ یہ سرگرمیاں نہ صرف موجودہ چیلنجز کے مقابلے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ انہیں پرائمری ہیلتھ کیئر کا مستقل حصہ بنا کر ایک پائیدار نظام بھی تشکیل دیا جائے گا، جس سے ضلع بھر میں ذہنی آسودگی کو فروغ ملے گا۔۔۔۔۔




