مظفرآبادمیں بلندوبالا عمارتوں، پلازوں میں عوامی سہولیات کا فقدان

مظفرآباد(رپورٹ جہانگیر حسین اعوان) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آسمان سے باتیں کرتے پلازے اور تجارتی عمارتیں تو تعمیر کر لی گئی ہیں، مگر ان میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ بیشتر عمارتوں میں نہ ٹوائلٹ کی سہولت رکھی گئی ہے اور نہ ہی پارکنگ کے لیے کوئی مناسب انتظام کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مصروف ترین کاروباری مرکز مدینہ مارکیٹ سب پر بازی لے گیا۔شہریوں کاکہنا ہے کہ بلدیاتی ادارے اور محکمہ تعمیرات عامہ نے عمارتوں کے نقشوں کی منظوری تو دے دی مگر عوامی سہولتوں کو نظرانداز کیا گیا۔ این او سی جاری کرنے والے متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث شہر میں ٹریفک اور صفائی کے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔عوام نے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور آئندہ ہر تعمیراتی منصوبے میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کا حسن اور عوام کی سہولت دونوں برقرار رہیں۔پلازوں کی تعمیر کے دوران منظور کی گئی این او سی کے مطابق پارکنگ اور پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے اس کے لیے متعلقہ ادارے تمام پلازوں جن میں پارکنگ اور ٹوائلٹس کی جگہ دکانیں بنا کر بھاری کرایہ پر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان پلازوں میں خریداری کی غرض سے آنے والے گاہک اور خود مالکان پلازہ جات اپنی گاڑیوں کو فٹ پاتھوں اور سڑک کناروں پر کھڑی کرتے ہیں جبکہ رفع حاجت کے لیے مرد گاہک تو مساجد کا رخ کرتے ہیں مگر خواتین لوگوں کے گھروں پر دروازے کھولتی دکھائی دیتی ہیں۔اس معاملہ کو ختم کرنے کے لیے گرینڈ آپریشن وقت کی ضرورت ہے۔




