چکار، ٹمبر مافیا کے 10رکنی گروہ کا بیٹ گارڈ پر حملہ، قیمتی سامان چھین کر فرار

ہٹیاں بالا (اسلم مرزا سے)چکار رینج کے اندراسیری جنگل میں ٹمبر مافیا کے دس رکنی گروہ نے دوران گشت بیٹ گارڈ پر حملہ کر کے زخمی کردیا،پستول تان کر سرکاری بک،موس،گھڑی،نقدی چھین کر لے گئے،بیٹ گارڈ کی درخواست پر تھانہ چکار میں مقدمہ درج، تنظیم فارسٹر فاریسٹ گارڈ ایسوسی ایشن جہلم ویلی نے تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کو چوبیس گھنٹوں کی مہلت دے دی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات چکار رینج کے اندراسیری جنگل میں آکاش المعروف کاشی،باسط نزاکت المعروف پھونڈی،ضیافت ساکنان ڈنہ اندراسیری معہ سات نامعلوم افراد لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی درخت کاٹ رہے تھے بیٹ گارڈ جہانگیر احمد موقعہ پر پہنچ گئے،ملزمان نے بیٹ گاڑی کو دیکھتے ہی حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں بیٹ گارڈ زخمی ہو گیا جبکہ پستول تان کر بیٹ گارڈ سے سرکاری بک،موس،پندرہ ہزار نقدی اور گھڑی بھی چھین لی گئی،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بلاک آفیسر سلمیہ راجہ محمد وقار نسیم اور بیٹ گارڈ راجہ نجیب موقعہ پر پہنچے تو انھیں بھی ملزمان گالم گلوچ کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے،جس کے بعد بیٹ گارڈ جہانگیر احمد مرزا ولد نذیر ساکن گوہرِ آباد نے تھانہ پولیس چکار کو مقدمہ کے اندراج کی درخواست دی،بیٹ گاڑی کی درخواست پر محمد نعیم انچارج تھانہ پولیس چکار نے آکاش المعروف کاشی،باسط نزاکت المعروف پھونڈی،ضیافت المعروف ساکنان ڈنہ اندراسیری،نامعلوم سات افراد کے خلاف زیر دفعات 353/186،506ضمن دو،14ای ایچ اے اور چھ ایف آر کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے،البتہ پولیس ملزمان گرفتار کرنے میں آخری اطلاعات تک کامیاب نہ ہوئی جس کے بعد تنظیم فارسٹر اینڈ فاریسٹ گارڈ ایسوسی ایشن جہلم ویلی کے صدر راجہ رضوان بشارت،چیئرمین فارسٹر اینڈ فاریسٹ گارڈ ایسوسی ناصر منیر چوہا ن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے جہلم ویلی پولیس کو 24گھنٹوں میں تمام ملزمان گرفتار کروانے کی مہلت دے دی،بصورت دیگر تمام ملازمین نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے اور احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کردیا۔



