تعمیروترقی، عوامی فلاح و بہبود، آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات کرینگے،قاسم مجید

میرپور(بیوروپورٹ)آزادکشمیرکے وزیرخزانہ وانلینڈ ریونیوچوہدری قاسم مجید نے کہاہے کہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فیصل ممتاز راٹھور کی سرپرستی میں پیپلزپارٹی کی حکومت آزادکشمیرکی تعمیروترقی، عوامی فلاح وبہبوداورریاست کے ذرائع آمدن بڑھانے کے لیے تمام ترتوانائیاں استعمال کرے گی۔ اس حوالے سے محکمہ انلینڈریونیوآزادکشمیرکے ذرائع آمدن بڑھانے کاسب سے بڑامحکمہ ہے۔ اس ادارے کواسٹیٹ آف آرٹ ادارہ بنائیں گے اور اس پر عوامی اعتمادمکمل بحال کریں گے۔ ادارہ کے افسران وملازمین کی پرموشن کے معاملات قانون وقاعدے کے مطابق کریں گے۔ ادارہ کے جملہ افسران وملازمین بلاخوف وخطر کام کریں ان کی عزت نفس کوکسی صورت مجروع نہیں ہونے دونگا۔ محکمہ انلینڈ ریونیوکواس مالی سال میں 85 ارب روپے کاٹارگیٹ دیاگیا ہے جس میں سے ساؤتھ زون میرپورڈویژن کو70 ارب روپے کاٹارگٹ ملاہے۔محکمہ انلینڈ ریونیوکسی فیکٹری،بزنس سنٹر، مالیاتی اداروں کوبلاوجہ تنگ نہیں کرے گا۔ قانون وآئین کی حکمرانی قائم رکھتے ہوئے باہمی افہام وتفہیم کے ساتھ بزنس کمیونٹی سے ٹیکس وصولی کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کریں گے۔ ٹیکس وصولی کے بغیرنہ تو ریاست ترقی کرسکتی ہے اور نہ ہی عوام کی فلاح وبہبود ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے محکمہ انلینڈ ریونیوساؤتھ زون کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنرانلینڈ ریونیوسید انصرعلی نے انھیں محکمانہ بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرکمشنر انلینڈ اپیلنٹ باصل صدیق، ڈپٹی کمشنرز و اسسٹنٹ کمشنرز،ریونیو افسرزانلینڈ ریونیو ساؤتھ زون کے افسران موجود تھے۔




