ترقیاتی ادارہ کی ناک تلے مسجد عائشہ کے سامنے سیوریج ابلنے لگی

مظفرآباد(محاسب نیوز)طارق آباد لنک روڈ پر ترقیات یادارہ کی ناک تلے عائشہ مسجد کے ساتھ گٹر اُبل پڑا، بدبو اور تعفن سے ماحول شدید متاثر،طارق آباد لنک روڈ پر واقع عائشہ مسجد کے ساتھ سیوریج لائن اوور فلو ہونے سے گٹر اُبلنے لگے، جس کے باعث مسجد کا تقدس بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ نمازیوں، اہلِ محلہ اور قریبی اسکول کے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔موقع پر جمع ہونے والے شہریوں کے مطابق گٹر کا گندا پانی سڑک پر پھیل چکا ہے، جس سے بدبو، تعفن اور مچھروں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ راہ گزر بھی مشکل ہو گیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمے کو شکایات کی گئیں جس پر بلدیہ عظمیٰ کا شعبہ صفائی موقع پر پہنچا۔مگر قریبی رہائشیوں اور ایک نجی تعلیمی ادارے کے مالکان نے ابلتے گٹر کی صفائی ستھرائی سے روک رکھا ہے۔اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن اور بلدیہ مظفرآباد سے ایسے عناصر کے خلاف فوری نوٹس لینے، سیوریج لائن کی صفائی اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مسجد کا تقدس برقرار رہے اور عوام کو درپیش مشکلات ختم ہو سکیں۔




