بھارت کومقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر انتہا پسندی کا بدلہ ضرور ملے گا‘رانا اقبال

میرپور (بیورورپورٹ‘پی آئی ڈی)پنجاب کے وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہاہے کہ نجی شعبہ میں محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج، ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر دینی خدمات پر ممتاز روحانی و علمی شخصیت شیخ العالم پیر علاؤالدین صدیقی اور علامہ پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری کی دینی و دنیاوی خدمات کو جنتا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔انھوں نے اس ادارہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے ساتھ بیرون ممالک میں بھی اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دیکر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی کشمیریوں پرجو انتہا پسندی کاسلسلہ شروع کررکھاہے اسے اس کا ضرور بدلہ ملے گا اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محی الدین اسلامک یونیورسٹی نیریاں شریف میرپور کیمپس اورمیڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن کی صدارت چانسلر محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج علامہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری نے کی جبکہ تقریب سے سابق صدرآزادکشمیر سردار مسعود خان، سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی، وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل(ر) آصف ممتاز سکھیرانے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چانسلر محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج علامہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری نے ایم بی بی ایس،نرسنگ، فارمیسی، پیرامیڈیکل سمیت دیگرمیڈیکل کے کورسزمکمل کرنے والے طلباء وطالبات میں میڈلز،ڈگریاں تقسیم کیں۔کانووکیشن کی رنگا رنگ تقریب میں حمد ونعت کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔




