مظفرآباد

اسلام گڑھ، بنگ دھیرہ گروپ نے پرائمری سکول کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا

اسلام گڑھ(نامہ نگار) بنگ دھیرہ کی سکول مینجمنٹ کمیٹی ممبران نوید احمد،یاسر عزیز،معظم حنیف،ظہور احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بنگ دھیرہ گروپ 24/7 کہ جملہ ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے ایک قابل تقلید مثال قائم کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت پرائمری اسکول کی جدید عمارت کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ یہ منصوبہ کافی عرصہ زیر تعمیر تھا جسے مقامی افراد کے اپنے وسائل اور اجتماعی کاوشوں سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔ اس تعلیمی منصوبے کا آغاز مرحوم عبدالمجید کی خواہش پر عمل درآمد کے لیے کیا گیا تھا، جو زندگی بھر علاقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے کوشاں رہے۔ ان کے انتقال کے بعد مقامی افراد نے ان کے خواب کو عملی شکل دینے کا بیڑا اٹھایا۔ اس عمارت کو مکمل کرنے کے لیے علاقے کے تمام قبائل نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہر کسی نے اپنی استطاعت کے مطابق مالی معاونت اور تعمیراتی کام میں اپنی مہارت سے مدد دی، نئی تعمیر شدہ عمارت میں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں ہوادار کلاس رومز، اساتذہ کے لیے آرام دہ کمرے، بچوں کے لیے واش رومز کی سہولیات، اور کھیل کا میدان شامل ہیں۔ عمارت کی تعمیر میں مقامی تعمیراتی مواد استعمال کیا گیا ہے اور اسے جدید طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر عوامی تعاون کے منصوبے نہ صرف تعلیم کے فروغ میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں اجتماعی کام کی روح بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ بنگ دھیرہ کے عوام کا یہ اقدام دیگر علاقوں کے لیے بھی مشعل راہ ثابت ہوگا۔ سکول کی تکمیل کے بعد اب بنگ دھیرہ کے سینکڑوں بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں گی۔

Related Articles

Back to top button