ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا کو نئی ایمبولینس فراہم کر دی گئی

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)ایکٹ انٹرنیشنل کے چیرٹی ونگ“کارِ خیر”کی جانب سے ضلع جہلم ویلی کے عوام کے لیے اہم فلاحی اقدام کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا کو نئی ایمبولینس فراہم کر دی گئی۔ اس موقع پر ایکٹ انٹرنیشنل کے صوبائی کوآرڈینیٹر سید طاہر حسین نقوی نے نئی ایمبولینس کی چابیاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد یاسین کے حوالے کیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم ویلی بینش جرال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل، میڈیکل سپرنیٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد یاسین، محمد مدثر شیخ، عتیق الرحمان،سید جواد ہمدانی سمیت دیگر زعماء بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایکٹ انٹرنیشنل کے صوبائی کوآرڈینیٹر سید طاہر حسین نقوی نے کہا کہ نئی ایمبولینس ہٹیاں بالا اور گردونواح کے عوام کے لیے بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں نہایت مفید ثابت ہوگی اور ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کا ذریعہ بنے گی سید طاہر حسین نقوی نے بتایا کہ ایکٹ انٹرنیشنل اقوام متحدہ اور حکومتِ پاکستان کے تعاون سے ملک بھر میں سماجی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ“کارِ خیر”کے تحت ادارہ بالخصوص سیلاب زدگان، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد اور پسماندہ طبقات کے لیے امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہا ہے، جبکہ کمیونٹی سطح پر صحت، تعلیم اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی متعدد منصوبے جاری ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایکٹ انٹرنیشنل اقوام متحدہ کے فلاحی پراجیکٹس کے ذریعے شفافیت اور مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے، جن کا مقصد کمزور طبقات تک بنیادی سہولیات کی رسائی کو یقینی بنانا ہے، سید طاہر حسین نقوی کا کہنا تھا کہ سماجی شعبے میں“کارِ خیر”سے وابستہ افراد اور رضاکار خاموشی سے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی انتھک محنت اور مخلصانہ کاوشیں معاشرے کے لیے قابل قدر سرمایہ ہیں، جن پر وہ خراج تحسین اور مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس موقع پر سید طاہر حسین نقوی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یاسین اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر روبینہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کو فعال کیا گیا اور ایمرجنسی سروسز میں نمایاں بہتری لائی گئی، جو قابلِ تحسین عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری ڈاکٹر یاسین اور ان کی ٹیم کی محنت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں۔تقریب کے اختتام پر ہسپتال انتظامیہ اور مقامی عمائدین نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے منصوبے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے اور عوام کو صحت سمیت دیگر شعبہ جات میں بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔



