جہلم ویلی یونیورسٹی کیمپس کی عدم تعمیرکے خلاف ہٹیاں بالا میں احتجاج
چناری (تحصیل رپورٹر)جہلم ویلی یونیورسٹی کیمپس عمارت کی عدم تعمیر، زمین کی عدم فراہمی اور مکانیت کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہونے کے خلاف یونیورسٹی،کالجز کے طلبہ،سیاسی و سماجی رہنماؤں کا ہٹیاں بالا میں مارچ اور احتجاجی مظاہرہ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز یونیورسٹی کیمپس کی بلڈنگ کی عدم تعمیر کے خلاف ہٹیاں بالا میں راجہ بیدار کی قیادت میں ایک مارچ اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،احتجاجی مارچ کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے،یونیورسٹی کیمپس کی فوری تعمیر، زمین کی فراہمی اور مستقل مکانیت کے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی،بنی حافظ چوک میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے نائب صدر سید زیشان حیدر نے کہا کہ جہلم ویلی جیسے پسماندہ، دور افتادہ ضلع میں یونیورسٹی کیمپس کا قیام کوئی احسان نہیں بلکہ طلبہ کا بنیادی حق ہے،برسوں گزرنے کے باوجود کیمپس کی تعمیر، زمین کے حصول اور مستقل مکانیت کے مسائل حل نہ ہونا حکومتی نااہلی، عدم دلچسپی اور تعلیم دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے،انھوں نے حکومت آزاد کشمیر اور جہلم ویلی سے منتخب ایم ایل اے صاحبان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے نمائندے محض وعدوں، اعلانات تک محدود ہیں جبکہ عملی اقدامات کا فقدان ہے،تعلیم کے نام پر سیاست کرنا، نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے،پیپلز پارٹی جہلم ویلی کے رہنماء تیمور بیگ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعلیم پر کام کیا ہے اس لیے یونیورسٹی کیمپس کی بلڈنگ بھی پیپلز پارٹی بنا کر دے گی، طلباء پریشان نہ ہوں،سابق وزیراعظم فاروق حیدر اس ضلع کے تھے لیکن ایک یونیورسٹی کیمپس کی بلڈنگ نہ دے سکے، انکے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر کچھ دنوں بعدضلع میں آرہے ہیں،ہم اس مسئلہ کو اٹھائیں گے،پاکستان پیپلز پارٹی اس مسئلہ کو حل کرے گی،ممبر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی وقار انجم نے کہا کہ حکومت وقت سے مطالبہ ہے وہ جلد از جلد بلڈنگ کی تعمیر کروائے،بصورت دیگر ایکشن کمیٹی اپنا راستہ اپنائے گی،جماعت اسلامی کے رہنماء راجہ حارث نے کہا کہ یہ تحریک شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،کیمپس کے لیے ہم نے پہلے بھی آواز اٹھائی آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے،طلباء و طالبات مکمل فیس دے رہے ہیں لیکن یہاں سہولیات نہیں ہیں،بلڈنگ کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کے لیے یونیورسٹی بسز کا بندوبست کیا جائے،ہم اپنا حق لے کر رہیں گے،سماجی رہنماء قاضی ذولفقار نے کہا کہ اس کیمپس کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے،یاد رکھنا ہماری لاشوں سے گذر کر ہی کوئی اس کیمپس کو ختم کر سکتا ہے،اس کیمپس کے قیام میں ہمارا خون پسینہ شامل ہے۔۔۔۔۔


