سابق صدر ووزیراعظم کے پوتے عوامی مسیحا ڈاکٹر حلیم خان سفر آخرت پر روانہ

مظفرآباد(سپیشل رپورٹر)سابق وزیراعظم وصدر خان عبدالحمید خان کے پوتے سابق وزراء حکومت خان عبدالوحید خان محترمہ شریں وحید کے صاحبزادے ممبر اسمبلی عبدالماجد خان کے بھائی جناح ڈینٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحلیم خان کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ مظفرآباد میں ادا کرنے کے بعد آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر وقائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر، وزیر تعلیم دیوان چغتائی، وزیر جنگلات سردارجاوید ایوب سابق وزراء حکومت اکبر ابراہیم،اظہرصادق سیکرٹریز حکومت چوہدری امتیاز احمد، انصر یعقوب خان، عامر لطیف اعوان، سیکرٹری تعلیم ایلیمنٹری شاہد محی الدین، صدارتی امور کے سیکرٹری شاہد ایوب،چیئرمین ٹیوٹا نعیم بسمل،میئر کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل خورشید حسین کیانی، امیدوار اسمبلی حلقہ نمبر تین سردار مبارک،چیئرمین ضلع کونسل امتیاز عباسی۔ حیدر پیپلز پارٹی کے آرگنائزر سردار مختار خان، سنٹرل پریس کلب کے سابق صدر سید آفاق حسین ممبر سنٹرل پریس کلب راجہ شاہد قیوم، وزیر اعظم کے ترجمان شوکت جاوید میر، امیدوار اسمبلی کھاوڑہ ثاقب مجیدسمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران میونسپل کارپوریشن کے ممبران آزادکشمیر کے سینئر وجونیئر ڈاکٹرز حکومت کے سیکرٹریز اعلیٰ سرکاری احکام سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کو سابق وزیراعظم خان عبدالحمید خان کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ شہر میں بارش کے باوجود ڈاکٹر عبدالحلیم خان کا تاریخی جنازہ ہوا۔ جس میں بہت بڑی تعداد میں عوام شریک ہوئے۔




