مظفرآباد

سرمایہ کاری، صنعت و تجارت، فروغ کیلئے،ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے ُفیصل راٹھور

اسلام آباد (بیورورپورٹ‘پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے صدارتی مشیران اوورسیز چوہدری دلپذیر، چوہدری خادم حسین اور اسلم مغل نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گلدستے پیش کیے۔ ملاقات کے دوران اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل، ان کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی میں ان کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اوورسیز کشمیری آزاد جموں و کشمیر کا قیمتی سرمایہ ہیں جو بیرون ملک رہتے ہوئے بھی ریاست کی ترقی، معیشت اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل، سہولیات کی فراہمی اور ان کے ساتھ مؤثر رابطے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کا اعتماد مزید مضبوط ہو اور وہ ریاست کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ایف پی سی سی آئی کے کنونئیر راجہ رؤف اور لیک شور (Lake Sure) کے سی ای او سید سعادت حسین شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ نجی شعبہ اور کاروباری برادری ریاست کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

Related Articles

Back to top button