ڈپٹی کمشنر منیر قریشی کی زیرصدارت سول سوسائٹی تاجروں کا اجلاس
مظفرآباد (محاسب نیوز‘پی آئی ڈی)ڈپٹی کمشنر منیر احمد قریشی کی زیر صدارت سول سوسائٹی کے نمائندگان،تاجران اور صحافی حضرات کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سول سوسائٹی نمائندگان نے مظفرآباد شہر میں بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت سے قابل عمل تجاویز پیش کیں۔تاجر نمائندگان نے اپراڈہ لال چوک کو آئیڈیل لک دینے،ریڑھی بازار کی شفٹنگ اور میونسپل کارپوریشن کی اراضی،سٹاپ کی واگزاری،اپراڈا سے سپیڈبریکر ختم کرنے کیلئے اپنا تعاون پیش کیا۔جس پر ڈپٹی کمشنر مظفرآبادنے اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد کوبرموقعہ وزٹ کرتے ہوئے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔اس طرح مظفرآباد میں قبرستان کی کمی میت کے غسل کیلئے جگہ ناکافی ہے۔جس پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد کو ہدایت کی کہ قبروں کے گرد غیر ضروری جنگلے،سمینٹنڈ سلیٹ وغیرہ نہ ڈالی جائے۔کوڑاکرکٹ اکٹھا کرنے کیلئے میکانزم وضع کیاجائے۔شہریوں کو شعور دیا جائے کہ فلتھ ڈپو کے علاوہ کوڑاکرکٹ،کچرا نہ ڈالیں۔ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے تجاوزات،گلیوں پر قبضے کاخاتمہ،خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی،سبزی منڈی اور سلاٹر ہاؤس کا قیام کی نسبت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ سے فوری رجوع کیاجائے۔ اگلے چند دنوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیاجارہا ہے۔سکولز اور ہسپتالوں کے نظام میں مزید بہتری کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے فورم پر واضح کیا کہ ہم سب مل کر مشترکہ کوششوں سے شہرکوصاف رکھ سکتے ہیں۔