کوٹلی معروف شخصیت سردار شکیل محمود نے ن لیگ کے ٹکٹ کیلئے درخواست دیدی

کوٹلی(بیورورپورٹ) آزاد کشمیر کی معروف سیاسی شخصیت، سابق چیئرمین بلدیہ کوٹلی الحاج سردار محمود احمد مرحوم کے فرزند اور معروف کاروباری و سماجی شخصیت سردار شکیل محمود نے حلقہ ایل اے۔10 کوٹلی سٹی تھری سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے پلیٹ فارم سے انتخابی سیاست میں بھرپور انداز میں انٹری دیتے ہوئے باضابطہ طور پر پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے اپنی درخواست جمع کروا دی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار شکیل محمود نے کہا کہ عوامی خدمت ان کے خاندان کی روایت اور پہچان ہے، ان کے والد مرحوم الحاج سردار محمود احمد نے اپنی پوری زندگی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کیے رکھی اور گزشتہ نصف صدی سے ان کا خاندان بلا تفریق عوامی خدمت کے سفر پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک نظریاتی جماعت ہے جو ملک و ریاست کو بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ان شاء اللہ آئندہ آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہو گی۔ سردار شکیل محمود نے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کی مرکزی و ریاستی قیادت سے توقع ظاہر کی کہ ٹکٹوں کی تقسیم مکمل طور پر میرٹ، کارکردگی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کوٹلی سٹی تھری میں مسلم لیگ (ن) مضبوط پوزیشن میں ہے اور انہیں شہر اور دیہات کے ہر گاؤں، ہر محلے اور ہر برادری سے بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے۔ سردار شکیل محمود کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی قیادت نے ان پر اعتماد کیا تو وہ حلقہ ایل اے۔10 کوٹلی سٹی تھری کے عوام کی امنگوں کے مطابق مسائل کے حل، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کام کریں گے اور کوٹلی شہر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔



