مظفرآباد

ایڈیشنل AGکونشانہ بنا کر ریاستی رٹ کو للکارا گیا،ترجمان حسابات

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)اے جی آفس میں بدعنوان مافیا کا کھلا چیلنج، قانون پسند افسران کے خلاف منظم حملہ ایڈیشنل اے جی وقار ہمدانی کو نشانہ بنا کر ریاستی رٹ کو للکارا گیا،“گو ہمدانی گو”کے نعرے دراصل احتساب سے فرار کی کوشش قرار آزاد کشمیر کے اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) آفس مظفرآباد میں بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں کرنے والے قانون پسند افسران کے خلاف ایک بار پھر مافیا متحرک ہو گیا۔ بدعنوان عناصر نے ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل وقار ہمدانی کے خلاف منظم مہم چلاتے ہوئے نازیبا نعروں، الزامات اور اشتعال انگیز رویے کے ذریعے نہ صرف ایک ذمہ دار افسر کی ساکھ کو نشانہ بنایا بلکہ ریاستی قانون اور نظم و ضبط کو بھی کھلے عام چیلنج کر دیا۔ترجمان محکمہ حسابات کے مطابق بدعنوان مافیا نے ملازمین کو حکومت کے خلاف اکسانے، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس (HBA) اور جنرل پروویڈنٹ فنڈ (GPF) کی غیر قانونی ادائیگیوں کو جواز دینے کے لیے پنشنرز اور بیواؤں کے ناموں کا بے دریغ استعمال کیا۔ حیران کن امر یہ ہے کہ ہر بل پر کمیشن وصول کرنے والے عناصر خود کو مظلوم ظاہر کر کے شور مچاتے نظر آئے اور احتساب سے بچنے کے لیے احتجاج کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔بدعنوان عناصر کی جانب سے مرکزی ایوانِ صحافت تک ریلی نکالی گئی، جس میں“گو ہمدانی گو”اور“گو مافیا گو”جیسے نعرے فضاء میں گونجتے رہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تماشائی بنے رہے۔ یہ صورتحال اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ منظم مافیا کس طرح دباؤ، ہنگامہ آرائی اور کردار کشی کے ذریعے قانون کی عملداری کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔دوسری جانب، ایڈیشنل اے جی وقار ہمدانی کی شہرت ایک قانون دوست، دیانتدار اور فرائض منصبی کے پابند افسر کے طور پر قائم ہے۔میڈیا انوسٹیگیشن ٹیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی ادائیگیوں،جعلی کلیمز اور کمیشن سسٹم کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا، جس کے نتیجے میں مافیا کے مفادات کو شدید نقصان پہنچا۔ یہی وجہ ہے کہ احتساب سے خوفزدہ عناصر نے ذاتیات پر اترتے ہوئے نازیبا الزامات کی بھرمار کر دی۔

Related Articles

Back to top button