مظفرآباد
وزیر صحت عامہ سید بازل نقوی کا ضلع جہلم ویلی کا تفصیلی دورہ
ہٹیاں بالا (اسلم مرزا سے)وزیر صحت حکومت آزاد جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی کا ضلع جہلم ویلی کا تفصیلی دورہوزیر صحت حکومت آزاد جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی نے بروز بدھ ضلع جہلم ویلی کا تفصیلی دورہ کیا۔ جہلم ویلی پہنچنے پر ڈاکٹر بشرہ شمس، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد یاسین اور دیگر متعلقہ افسران نے وزیر صحت کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیر صحت نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم ویلی کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں او پی ڈی، ایمرجنسی، لیبر روم، میڈیکل وارڈز، فارمیسی، لیبارٹری اور دیگر سہولیات شامل تھیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل اور ایم ایس ڈاکٹر محمد یاسین نے وزیر صحت کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، عملے کی موجودہ صورتحال، مریضوں کی تعداد اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سید بازل علی نقوی نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات، جدید طبی آلات اور ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ محکمہ صحت آزاد کشمیر عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور 20 جنوری کے بعد ہیلتھ کارڈ کی صورت میں آزاد کشمیر کے عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں بھی صحت کی سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں اور طبی شعبہ دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردانہ رویہ اپنایا جائے اور علاج معالجے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ وزیر صحت نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی شبانہ روز محنت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتال کو درکار سہولیات، عملے کی کمی اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف بی ایچ یوز (BHU) کے لیے فرسٹ ایڈ کٹس بھی تقسیم کیں۔ دورے کے اختتام پر وزیر صحت نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔




