احتساب بیورو اینٹی کرپشن غیر فعال، درخواستوں پر دھول اٹ گئی
مظفرآباد (سردار ابوبکر صدیق سے)احتساب بیورو اینٹی کرپشن غیر فعال، شکایتی درخواستوں پر دھول اٹ گئی، احتساب کا نظام کمزور ترین ہونے کے باعث سرکاری ادارہ جات میں اخپل بادشاہی، نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو جن اصلاحاتی اقدامات اور احتساب کے مضبوط نظام کی امید دلائی گئی تھی، وہ تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔ حکومت نہ صرف احتسابی بیورو، چیئرمین کے دفتر بلکہ بالخصوص اینٹی کرپشن کے ادارے کو بھی مؤثر انداز میں فعال کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن سمیت دیگر متعلقہ دفاتر میں عوامی درخواستوں اور شکایات کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ فائلوں پر گرد جم چکی ہے جبکہ سائلین مہینوں سے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، مگر شنوائی کا کوئی مؤثر میکانزم تاحال تشکیل نہیں دیا جا سکا یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل ایکشن کمیٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات میں آزاد کشمیر میں نیب کی رسائی اور کردار کو مؤثر بنانے کا مطالبہ بھی شامل تھا، تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے بھی اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آ سکی عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر احتسابی اداروں کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کر کے فعال نہ کیا گیا تو بدعنوانی کے خلاف بیانات محض دعووں تک محدود رہ جائیں گے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اینٹی کرپشن اور دیگر احتسابی اداروں کو بااختیار بنائے تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔#