مظفرآباد

جملہ موبائل کمپنیوں کا نیلم وجہلم ویلی اور کہوٹہ میں نئے ٹاور نصب کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر) سیکشن آفیسر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم، حویلی کہوٹہ اور جہلم ویلی کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں موبائل اور انٹرنیٹ کے معیار اور سروس کو بہتر بنانے کیلئے موبائل کمپنیوں سے نئے ٹاورز اور فائبر آپٹک کی تنصیب سمیت دیگر اقدامات کی گزشتہ اور رواں ماہ مظفرآباد اور مری محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر دفاتر میں ہونے والی میٹنگز میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جملہ موبائل کمپنیاں، پی ٹی اے حکام، ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکومتی محکمہ جات بشمول نمائندہ گان ایس سی او کے ذریعے ابتدائی مرحلے میں ضلع نیلم، حویلی کہوٹہ اور جہلم ویلی کے ایسے علاقہ جات جہاں موبائل سروسز کی کوریج اور معیار انتہائی ناقص ہے میں مناسب جگہوں کے انتخاب کیلئے جوائنٹ سروے کیا جائے گا جس کے شیڈول پی ٹی اے، موبائل کمپنیوں سے مل کر مرتب کرے گا۔ ریجنل آفس پی ٹی اے مظفرآباد نے شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے اس ضمن میں مسٹر ثقلین ستی اسسٹنٹ انجینئر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات، لوکل گورنمنٹ کے نمائندگان کو بھی سروے ٹیم میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز صاحبان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ضلع کا فوکل پرسن مقرر کریں جو پی ٹی اے کے فوکل پرسن سے رابط کر کے مشترکہ سروے کر سکیں۔

Related Articles

Back to top button