مظفرآباد
پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی محرومیوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، رفیق نیئر،بازل نقوی
کراچی(پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات اوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد رفیق نیئر اور وزیر صحت سید بازل علی نقوی کراچی پہنچ گئے، جہاں کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون کے صدر سردار ذوالفقار علی، سردار ظفر اقبال، سردار شوکت خان، چوہدری مقبول، الطاف شاہ اور اظہر عوان شامل تھے۔ اس موقع پر مہناز اختر عوان، شمیم اختر سمیت دیگر پارٹی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزراء چوہدری محمد رفیق نئیر اور سید بازل علی نقوی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی محرومیوں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے قیام کے بعد آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا ایک بار پھر آغاز ہو چکا ہے اور اس کے مثبت اثرات ہر سطح پر نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔وزراء کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور بہتر حکمرانی کی بنیاد پر پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔وزراء نے کراچی میں پارٹی عہدیداران اور کارکنان کی جانب سے شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔





