گوشت کے انراخ پر ضلعی انتظامیہ اورقصابوں کے مذاکرات ناکام

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی)چھوٹے بڑے گوشت کے انراخ پر مٹن اینڈ بیف ایسوسی ایشن مظفرآباد ضلعی انتظامیہ کے درمیان ٹھن گئی مذاکرات ناکام سابقہ ریٹ ضلعی انتظامیہ نے قصابوں کو نئے انراخ دینے سے انکار کرتے ہوئے گوشت فروخت کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب مٹن اینڈ بیف ایسوسی ایشن نے سابقہ ریٹ پرگوشت فروخت کرنے سے انکار کردیا اور آج مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ گزشتہ روز مٹن اینڈ بیف ایسوسی ایشن کے وفد اطہر میر، جنرل سیکرٹری سید یاسر شاہ، سیکرٹری مالیات راجہ صابر خان، حفیظ میر نائب صدر سرپرست اعلیٰ سید اخلاق گیلانی کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی سے ملاقات کی جس میں اسسٹنٹ کمشنر حما د بشیر بھی موجود تھے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ہم نے تین ماہ قبل گوشت کے انراخ میں اضافے کیلئے باضابطہ درخواست دی تھی لیکن تاحال اس پرکوئی عملدرآمد نہ کیا گیا اور اب ضلعی انتظامیہ قصابوں کو پرانے انراخ پر گوشت فروخت کرنے کا کہہ رہی ہے۔ جبکہ گوشت مہنگا ہوچکا ہے۔ قصاب پنجاب سے جانور لاتے ہیں جو مارکیٹ میں مہنگے ہیں مظفرآباد میں کوئی مویشی منڈی قائم نہیں ہے۔ نہ ہی سلاٹر ہاؤس ہے اس لیئے ہم اپنی عزت وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ اور پریس کانفرنس کے ذریعے ہم لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ ہمارا ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ موجودہ مہنگائی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کے ریٹ معلوم کرکے ہمیں نئے ریٹ جاری کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ماہ مقدس میں گوشت میسر آسکے۔



