انتظامیہ کو عوامی خدمت کیلئے بٹھایا گیا‘اسے شعار بنائیں‘تحریک تحفظ حقوق نیلم فورم

نیلم (بیورو رپورٹ) تحریک تحفظ حقوق نیلم فورم کے صدر راجہ ظفر اقبال اور جنرل سیکرٹری الیاس بٹ نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ نیلم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ حقوق نیلم کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ وادی نیلم کے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور عوامی مفاد کے لیے قائم کیا گیا ایک عوامی فورم ہے۔انہوں نے کہا کہ پورا نظام بگڑ چکا ہے اور اسے درست کرنے کے لیے عوامی طاقت کی ضرورت تھی، اسی مقصد کے تحت یہ فورم بنایا گیا ہے۔ انتظامیہ کو عوامی خدمت کے لیے بٹھایا گیا ہے، لہٰذا وہ خدمت کو ہی اپنا شعار بنائیں۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ لوکل گورنمنٹ کے ذریعے اربوں روپے کے فنڈز جاری ہوتے ہیں مگر زمین پر ان کا کوئی وجود نظر نہیں آتا۔انہوں نے مزید کہا کہ آفاتِ سماوی کی مد میں مستحقین کے بجائے بااثر افراد کو نوازا جا رہا ہے اور محکمہ مال کے بعض اہلکار اس میں حصہ بٹور رہے ہیں۔ فورم کی جانب سے لوکل گورنمنٹ کی تمام اسکیموں کی تفصیلات اور فہرستیں فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دے دی گئی ہے تاکہ حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔راجہ ظفر اقبال اور الیاس بٹ نے کہا کہ انور الحق کے دورِ حکومت میں ہر ایم ایل اے کو چھ، چھ کروڑ روپے دیے گئے تھے، مگر یہ رقم کہاں خرچ ہوئی اس کا کوئی واضح ریکارڈ موجود نہیں۔ زمین پر ایک کروڑ روپے کی بھی ترقی نظر نہیں آتی، لہٰذا عوام کو بتایا جائے کہ یہ خطیر رقم کہاں استعمال ہوئی۔پریس کانفرنس میں بجلی کے بحران پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ نیلم ویلی بجلی پیدا کرنے کے باوجود خود لوڈشیڈنگ اور اندھیروں کا شکار ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔نیلم کی ضرورت صرف تین میگاواٹ بجلی ہے، جو یہاں کے عوام کو مفت فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی پر بھی سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری آنے والی نسلیں تباہ ہو رہی ہیں اور حکومت کو اس سنگین مسئلے پر فوری اور خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ فورم کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ اس پلیٹ فارم سے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور کرپشن و سہولت کاری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔فورم کے رہنماؤں نے وادی نیلم کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے متحد ہوں اور اس تحریک کا حصہ بنیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک تحفظ حقوق نیلم فورم ایک عوامی پلیٹ فارم ہے اور اس کا واحد مقصد کرپشن کا خاتمہ، شفاف نظام کا قیام اور عوام کو ان کا جائز حق دلانا ہے۔




