مظفرآباد

حکومت نئے تعلیمی سیشن سے قبل تعلیمی پیکج کی منظوری دے گی‘میاں وحید

نیلم (پی آئی ڈی/محاسب نیوز) موسٹ سینئر وزیر / وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت نئے تعلیمی سیشن سے قبل تعلیمی پیکج کی منظوری دے گی۔ حکومت نہ صرف تعلیمی اداروں کی اپگریڈیشن کرے گی بلکہ اداروں میں سٹاف اور مکانیت کی کمی کو بھی دور کریں گے۔ درست تدریس پیشہ پیغمبری ہے، اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اور تعلیم کے فروغ میں ان کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سے وابستہ افراد کی خدمات ہمیشہ قابلِ قدر رہتی ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کی علمی اور سماجی خدمات معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز آٹھ مقام میں محکمہ تعلیم (مردانہ) کے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چوہدری نذیر احمد کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں منعقدہ پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت خود ریٹائرڈ ہونے والے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چوہدری نذیر احمد نے کی۔ چوہدری نذیر احمد اپنی عمرِ پیرانہ سالی مکمل کرتے ہوئے محکمہ تعلیم سے باعزت طور پر ریٹائر ہو گئے۔میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری نذیر احمد نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے دوران تعلیم کے فروغ، نظم و ضبط اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے قابلِ تحسین خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مخلص اور فرض شناس افسران محکمہ تعلیم کا سرمایہ ہوتے ہیں، جن کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن، سپرنٹنڈنٹ پولیس نیلم راجہ محمد بشیر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری بشارت، ڈائریکٹر یونیورسٹی کیمپس ڈاکٹر لعل حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ رفیق صمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں شیماء میر، ایم ایس ڈاکٹر سردار سجاد مغل، ڈپٹی ڈی ای او زاہدہ اشرف، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر صادق رشید لون، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم، چیئرمین میونسپل کارپوریشن آٹھ مقام محمد صدیق بیگ، پرنسپل خورشید انور، ریٹائرڈ پرنسپل مفتی خالد حسین، پاکستان پیپلز پارٹی نیلم کے صدر نذیر دانش ایڈووکیٹ، چیئرمین زکوٰۃ یعقوب اعوان، ڈسٹرکٹ کونسلر ڈاکٹر غلام محمد، (ر) ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر جلال الدین اکبر سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، اساتذہ کرام، محکمانہ افسران، عزیز و اقارب اور وادی بھر سے بڑی تعداد میں معززین نے شرکت کی۔مقررین نے چوہدری نذیر احمد کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی سروس کے دوران دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے فرائض انجام دیے اور محکمہ تعلیم میں مثبت روایات کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر ضلعی و محکمانہ افسران، اساتذہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب نے چوہدری نذیر احمد کو قیمتی تحائف اور پھولوں کے ہار پیش کیے اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دراوہ نیوز نیٹ ورک کے آنر زرداد خان نے موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ اور ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چوہدری نذیر احمد کو گلگتی کیپ پہنائی اور ان کی خدمات کو سراہا۔تقریب ایک پروقار اور یادگار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں چوہدری نذیر احمد کی محکمہ تعلیم کے لیے گرانقدر خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

Related Articles

Back to top button