مظفرآباد
محکمہ شاہرات نے موسمی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی کنٹرول رومز قائم کر دیے
مظفرآباد(محاسب نیوز) وزیر تعمیراتِ عامہ و مواصلات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ حالیہ موسمی صورتحال اور ممکنہ برفباری کے پیشِ نظر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں محکمہ شاہرات و تعمیراتِ عامہ کی جانب سے ہنگامی کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ برفباری والے علاقوں، پہاڑی شاہراہوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والی جگہوں پر بھاری مشینری و دیگر ضروری آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔وزیر تعمیراتِ عامہ کا کہنا تھا کہ محکمہ شاہرات کا عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا اور سڑکوں کی بروقت بحالی کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی مشکل کی صورت میں قریبی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔




