سینئر قیادت کی آراء قابل احترام‘ اپوزیشن کو تنقید کا مکمل حق حاصل ہے‘سردار عتیق

راولپنڈی (محاسب نیوز)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے اپوزیشن کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ اپوزیشن کو تنقید کا مکمل حق حاصل ہے اور سینئر قیادت کی آراء قابل احترام ہیں تاہم“متحدہ اپوزیشن”کی اصطلاح استعمال کرتے وقت ایوان میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے،جن میں مسلم کانفرنس، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانا ایک بڑا اور سنجیدہ فیصلہ ہوتا ہے جس سے قبل اتحادیوں اور ہم خیال جماعتوں سے باقاعدہ مشاورت ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے اہم معاملات پر پیشگی آگاہی نہ ہو تو ردعمل دینا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن آزادکشمیر کا اہم اجلاس، صدر شاہ غلام قادر پر اعتماد کا اظہارسردار عتیق نے موجودہ پارلیمانی صورتحال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اسمبلی کے اندر حکومت اور اپوزیشن کی صف بندی میں ابہام پایا جاتا ہے، بعض ایسے افراد بھی اپوزیشن میں بیٹھے ہیں جو ماضی میں حکومت سازی کا حصہ رہے۔ان کے بقول، حکومت بناتے وقت کیے گئے فیصلوں اور اتحادوں کو مدنظر رکھنا چاہیے اور بار بار عدم اعتماد کی فضا قائم کرنا سیاسی عدم استحکام کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمانی سیاست میں عدم اعتماد ایک آئینی حق ہے اور جہاں اکثریت ہو وہاں یہ کارروائی کی جا سکتی ہے، تاہم آزاد کشمیر اس وقت کسی نئے پارلیمانی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف جیسی بڑی جماعتوں کو تمام اہم فیصلے اپنی مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد کرنے چاہئیں تاکہ عوام کے سامنے کوئی ابہام پیدا نہ ہو۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ تقرریوں، تبادلوں اور ترقیاتی فنڈز پر تنقید اپوزیشن کا حق ہے، مگر عدم اعتماد کو آخری آپشن کے طور پر ہی دیکھا جانا چاہیے۔



