پاک فوج قوم کا فخر اور ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے،سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی (صباح نیوز) صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مجاہد اوّل ہاؤس غازی آباد میں مسلم کانفرنس کے کارکنان اور عہدیداران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلعی، تحصیلی اور وارڈ سطح کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے۔کارکنان کی آمد پر سردار عتیق احمد خان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور“مسلم کانفرنس زندہ باد”اور“سردار عتیق احمد خان قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں ”کے نعرے گونجے۔اپنے خطاب میں سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستِ جموں و کشمیر کی سب سے قدیم، نظریاتی اور عوامی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ عوامی خدمت، ریاستی تشخص کے تحفظ اور تحریکِ آزادی کشمیر کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ“یہ جماعت کسی شخصیت نہیں بلکہ ایک فکر، ایک تحریک اور ایک نظریہ ہے جو بانی ریاست مجاہد اول کے ہاتھوں پروان چڑھا۔”سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ“پاکستان سے ہمارا رشتہ زمین یا مفادات کا نہیں، بلکہ ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے۔ پاکستان ہمارا پشت پناہ، ہمارا مرکزِ عقیدت اور منزلِ آزادی کا ضامن ہے۔”انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔پاک فوج کے کردار پر بات کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ“پاک فوج قوم کا فخر اور ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے۔ ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی حفاظت کی، دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور قربانیوں کی ایسی تاریخ رقم کی جو دنیا میں مثال نہیں رکھتی۔”انہوں نے مزید کہا کہ“مسلم کانفرنس کے کارکنان اپنی جماعت کے نظریے، تاریخ اور اصولوں کو یاد رکھیں۔ آپ ہی جماعت کا سرمایہ ہیں۔ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کریں، عوامی رابطے بڑھائیں اور مسلم کانفرنس کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔”آخر میں انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ خدمتِ خلق ہے۔ مسلم کانفرنس ہمیشہ عوام کے مفادات کی ترجمان رہی ہے اور رہے گی۔ملاقات کے اختتام پر کارکنان نے سردار عتیق احمد خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عزم کیا کہ وہ مسلم کانفرنس کے پیغام کو ہر سطح پر عام کریں گے۔