مظفرآباد

مظفرآباد:سانحہ کنن پوش پورہ کیخلاف حریت کانفرنس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

مظفرآباد(صباح نیوز)سانحہ کنن پوش پورہ کو 35 برس مکمل ہونے پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام دارالحکومت مظفرآباد میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت حریت رہنما مشتاق الاسلام، وزیراعظم آزاد کشمیر کے ترجمان شوکت جاوید میر نے کی۔ ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، اساتذہ، سکولز اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مقررین نے کہا کہ 23 فروری 1991 کو بھارتی درندہ صفت افواج نے رات کی تاریکی میں مقبوضہ علاقے کنن اور پوش پورہ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 100 سے زائد خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے بھارت نے اس المناک سانحے کو جھوٹا پروپیگنڈا قرار دے کر حقائق چھپانے کی کوشش کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہمیشہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے آئے ہیں۔ اس سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام امبور کے مقام پر مرکزی شاہراہ پر مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں حریت قیادت کے علاوہ وزیراعظم کے ترجمان، ایم ڈی برہان شہید کالج حمزہ شاہین، پرنسپل ریڈ فاؤنڈیشن کالج سید امیر شاہ، تعلیم الاسلام سکول کی پرنسپل بینشن نظیر سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ 37 برسوں کے دوران بھارت نے 11 ہزار سے کشمیری خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ سانحہ کنن پوش پورہ میں مردوں کو گھروں سے باہر نکال کر خواتین کے ساتھ جو غیر انسانی سلوک کیا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ادارے متاثرہ خواتین کو انصاف دینے کے بجائے آج بھی اس سانحے سے انکاری ہیں۔مقررین نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن کے علمبرداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی سفاکیت کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، مگر بھارت طاقت کے زور پر ان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں کے حق میں منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق مل سکے۔

Related Articles

Back to top button