کابینہ میں توسیع‘5وزراء کو مزید اہم محکموں کے قلمدان سونپ دیئے گئے

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)جموں وکشمیر عوامی جائنٹ ایکشن کمیٹی کا خود یا بیرسٹر گروپ کا دباؤ،حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے پانچ وزراء کو باقاعدہ طور پر مذید اہم محکموں کے قلمدان سونپ دئیے ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق موسٹ سینیر وزیر میاں عبدالوحید کو وزیر برائے قانون، انصاف، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق کے علاؤہ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔چوہدری یاسر سلطان کو وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی اور ایم ڈی اے/ایم ڈی ایچ اے کا چارج سونپا گیا ہے۔چوہدری محمد رشید کو وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات (P&DD) مقرر کیا گیا ہے۔سردار ضیاء القمر کو وزیر برائے بحالیات و آبادکاری کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ باغ ڈویلپمنٹ دی گئی ہیں۔اسی طرح محترمہ نبیلہ ایوب کو ماحولیات کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق ان تقرریوں کا مقصد حکومتی امور میں مزید بہتری، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئے وزراء اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھال کر فوری طور پر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔دوسری جانب سول سوسائٹی اورسیاسی و سماجی حلقوں نے کابینہ میں توسیع کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے گڈ گورننس، شفافیت اور ترقیاتی عمل میں مزید بہتری آئے گی۔جبکہ اکثریت کا کہنا ہے کہ یہ کاروائی صرف صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے اور من پسند امیدوار کے لیے راستہ ہموار کرنے کی ایک کوشش ہے کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت ایکشن کمیٹی کی کال سے ایک بار پھر راہ فرار چاہتی ہے۔



