قانون سازاسمبلی اجلاس، پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ ملت اسلامیہ خوش آئند قرار

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی)سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی سٹریٹجیک دفاعی معاہدے، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے آزاد کشمیر میں حالیہ صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے کی حمایت، صدرپاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری یاسین،وزیر سماجی بہبود آبادی سید باذل علی نقوی کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کے صف اول کے رہنما پروفیسر عبد الغنی بٹ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پیش کردہ قراردادوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ قراردادیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جن پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے، معرکہ حق کی کامیابی سے دنیا میں پاکستان نہ صرف دفاعی اعتبار سے بلکہ سفارتی محاذ پر بھی ابھر کر سامنے آیا ہے، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کل جماعتی کانفرنس کے اعلامیے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، آٹے اور بجلی سے شروع ہونے والی تحریک بدقسمتی سے تحریک آزادی کشمیر، نظریہ الحاق پاکستان اور آزاد کشمیر کے نظام کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے، ڈارک ویب سے حاصل کئے گئے جن جماعتوں کا ذکر تھا ان کے بجائے عوامی ایکشن کمیٹی کا ردعمل سمجھ سے بالاتر ہے، کچھ عناصر عوامی حقوق کی تحریک کی آڑ میں آزاد کشمیر میں صورتحال کشیدہ کرنے کی کوشش میں ہیں، مہاجرین نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ان کو نظام سے کسی صورت جدا نہیں کیا جا سکتا، کسی جتھے کو جبرا دوکانیں بند کرنے اور عوام کے معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عظیم کشمیری رہنما پروفیسر عبد الغنی بٹ کی قضیہ کشمیر کیلئے خدمات کو خراج تحسین پییش کرتے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر کے زعماء کا مشن جاری و ساری رکھیں گے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی سٹریٹجیک معاہدہ انتہائی خوش آئند ہے، پاکستان دنیا میں نہ صرف دفاعی اعتبار سے بلکہ سفارتی اعتبار سے بھی ابھر کر آیا ہے، پاکستان کے دفاعی معاہدوں کا دائرہ کار مزید بڑھے گا، پاکستان اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری یاسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہوں، سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تاریخی دفاعی معاہدے پر صدر آصف زرداری، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وزیراعظم پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دفاعی معاہدہ شہید ذوالفقار بھٹو کے خواب کی تکمیل ہے جنہوں نے بغیر کسی پریشر میں آئے پاکستان کی حفاظت کیلئے نیوکلیئر پروگرام کا آغاز کیا، بنیادی حقوق سے شروع کی گئی تحریک کی آڑ میں شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔