حق دو طلبہ تحریک کو پورے آزادکشمیر میں جلایا جائیگا، اسلامی جماعت طلبہ
مظفرآباد (ٍٍٍٍٍخبرنگارخصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان نے تعلیمی مسائل، منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان، غیر منصفانہ فیسوں، طلبہ یونین کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جامع مطالبات پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ”حق دو طلبہ تحریک“ کو پورے آزاد کشمیر میں منظم انداز میں چلایا جائے گا اور اگر حکومت نے مسائل حل نہ کیے تو نومبر میں بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔یہ اعلان ناظم اسلامی جمعیت طلبہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان احتشام الحسن نے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں ساتھیوں راجہ انجم خورشید، راجہ اسامہ حیدر اور شہزاد حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تعلیمی ادارے سنگین مسائل کا شکار ہیں۔ امتحانی بورڈز میں بے ضابطگیاں، طلبہ کی درخواستوں اور نمبر چیکنگ کے عمل میں رکاوٹیں، اور بورڈز کے ناقص نظام کے باعث ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ طلبہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈومیسائل کی بنیاد پر نئے بورڈز قائم کیے جائیں اور ریکاؤنٹنگ و رچیکنگ کے ضابطوں میں فوری اصلاحات کی جائیں۔