حنیف اعوان سپردخاک، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) ریاست آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ میں جداگانہ مقام رکھنے والے سابق وزیر حکومت زکوۃ و عشر و ایم سی ڈی پی محمد حنیف اعوان(المعروف لالہ حنیف) بھی داغ مفارقت دے گئے، ان کی نماز جنازہ چہلہ بانڈی یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں ادا کر کے سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، بازل نقوی، جاوید ایوب، افتخار گیلانی، چیف جسٹس ہائی کورٹ سردارلیاقت شاہین، سینئر جج ہائیکورٹ سید شاہد بہار سپریم کورٹ کے ججزجسٹس خواجہ نسیم، جسٹس رضا علی خان‘مختار عباسی، سکندر نثار گیلانی، خورشید کیانی، مختار عباسی آفاق شاہ، زاہد امین،اعجاز کالا اعوان‘سابق امیدوار اسمبلی سردار مبارک حیدر‘ وائس چیئر مین پر یس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی‘سابق صدر پریس کلب سہیل مغل‘ مسلم کانفر نس کے ضلعی صدر سید یاسر نقوی ایڈووکیٹ‘ مسلم لیگ ن کے رہنما غضفر شاہ‘مسلم لیگ ن کے رہنما اکسیر میر، سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی، حلقوں کے اکابرین سمیت سول سوسائٹی کے زعماء، موجودہ و سابقہ وزراء حکومت، سیکرٹریز حکومت، محکمہ پولیس آزاد کشمیر اعلی آفیسران سمیت اعوان اتحاد آزاد کشمیر کے عہداران و ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایک تعزیتی ریفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، بازل نقوی‘ شفیق جرال‘مختار عباسی‘ مقبول اعوان،سعید اعوان کا کہنا تھا کہ محمد حنیف اعوان المعروف لالہ حنیف ساری زندگی غریب پروری کی مثال رہی،اپ ایک کمیٹڈ سیاسی کارکن تھے۔ جنہوں نے اپنی ساری زندگی جمہوریت کی بحالی اور عوامی خدمت میں بسر کی۔ آپ ایک درویش منش انسان تھے۔ پسے ہوئے طبقات کی آواز کہلاتے تھے۔ آپ نے نہ صرف طلبہ سیاست کی باگ ڈور سنبھالے رکھی بلکہ سیاست کو بالا خانوں سے نکال کر سڑکوں چوکوں تک لائے۔ ڈرائنگ روم کی سیاست کے آپ شدید مخالف تھے۔ آپ نے اپنے دور وزارت میں دارالحکومت مظفرآباد کے کئی ایک میگا پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ یونین کونسل گوجرہ سمیت سٹی کی 36 وارڈز میں آپ کے کام آج بھی منہ بولتا ثبوت ہیں۔محمد حنیف اعوان آزاد جموں و کشمیر کے ضلع مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے فعال سیاست دان تھے۔آپ کا سیاسی پس منظر بنیادی طور پر مقامی عوامی خدمت، سماجی رابطوں اور ترقیاتی سیاست سے جڑا ہوا تھا۔محمد حنیف اعوان مظفرآباد ڈویژن کے باسی تھے اور ابتدائی و اعلیٰ تعلیم بھی اسی خطے اور قریبی علاقوں میں حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے مقامی سماجی سرگرمیوں اور سیاسی تنظیموں کے ذریعے عوامی خدمت کا آغاز کیا۔محمد حنیف اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ ابتدا میں وہ ضلعی سطح پر پارٹی کی تنظیم میں سرگرم رہے اور بعد میں ضلعی صدر پیپلز پارٹی مظفرآباد کے طور پر منتخب ہوئے۔ یہ عہدہ ان کی مقبولیت اور پارٹی قیادت پر اعتماد کی علامت تھا۔2005 کے عام انتخابات کے بعد محمد حنیف اعوان مظفرآباد کے حلقہ LA-XXVI (Muzaffarabad-III) سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ جلد ہی انہیں حکومت میں شامل کیا گیا اور وہ 2005 سے 2008 کے درمیان آزاد کشمیر حکومت کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔آپ وزیر زکوۃ و عشر اور وزیر ایم سی ڈی پی بھی رہے۔ اسی دور میں آپ نے مظفرآباد شہر کی تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کے کئی منصوبوں کی سرپرستی کی۔دریں اثناء صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان (مرحوم) کو جنت الفردوس میں اعلیٰ و ارفع مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔ آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے سابق ممبر اسمبلی،سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے محمد حنیف اعوان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔