مظفرآباد

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ذاتی دلچسپی سے ہی مطالبات تسلیم ہوئے‘شوکت نوازمیر

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)تمام مطالبات تسلیم، لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ شوکت نواز میرنے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ہمارے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، لہٰذا آزاد کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن ختم کیا جا رہا ہے۔ وہ مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ وزراء و مشیروں کی تعداد کو 20 تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزراء، ممبران اسمبلی اور ججز کی مراعات کے خاتمے کے لیے 6 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس میں 2 وفاقی وزراء، 2 آزاد حکومت کے نمائندے اور 2 عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین شامل ہوں گے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس 15 دن بعد منعقد ہوگا۔شوکت نواز میر نے واضح کیا کہ بعض حلقے یہ پروپیگنڈا کر رہے تھے کہ جوڈیشری کی مراعات کے خاتمے کا ذکر موجود نہیں، تاہم میں وضاحت کرتا ہوں کہ تحریری طور پر اس کا ذکر موجود ہے۔ اسی طرح لینٹ آفیسران کے الاؤنس بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 15 دنوں کے اندر پاکستان طرز کا صحت کارڈ آزاد کشمیر میں متعارف کرایا جائے گا۔ ہر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں زچہ بچہ نرسری قائم کی جائے گی۔ مزید برآں 10 اضلاع میں واٹر سپلائی سکیم فوری طور پر شروع کی جائے گی اور بجلی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے فراہم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی طے پایا ہے کہ تمام معاہدوں پر دستخط ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہوں گے۔ شوکت نواز میر نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور تعاون سے ہی عوامی مطالبات پورے ہوئے۔

Related Articles

Back to top button