مولانا قاضی نثار احمد پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہے، ترجمان گلگت پولیس

گلگت(محاسب نیوز)گلگت میں ممتاز عالم دین قاضی نثار احمد پر دہشت گردانہ حملہ — پولیس سرگرم عمل، دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری۔ ملزمان کو جلد ہی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آج گلگت شہر نزد CPO چوک میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے مرکزی امیر اہلسنت والجماعت گلگت بلتستان، قاضی نثار احمد پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ان کے ہمراہ موجود چار پولیس اہلکار بشمول سول ڈرائیور زخمی ہو گئے۔اس موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں نے بھرپور جرا?ت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں کچھ حملہ آور زخمی بھی ہوئے تاہم وہ اپنے دیگر شریک جرم مجرمان کی مدد سے فرار ہو گئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بفضل خدامستحکم ہے۔ یہ حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ آئی جی پی گلگت بلتستان کی واضح ہدایت کے تحت گلگت پولیس پوری طرح سرگرم عمل ہے اور حملہ آوروں کی شناخت و گرفتاری کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی دو گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لینے سمیت تفتیش کے حوالے سے اہم شواہد اکھٹے کرنے کے علاوہ اہم پیشرفت کی ہے۔ انشائاللہ دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اس حوالے سے اسحاق حسین ایس ایس پی گلگت نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ پرامن رہیں، افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ عوامی تعاون ہی اس نوع کے جرائم کے خاتمے کی کلید ہے۔گلگت بلتستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔جاری کردہ۔ ترجمان گلگت پولیس۔