مولانا قاضی نثار احمدپر حملہ گلگت بلتستان کے امن پر حملہ ہے،، شراف الدین فریاد

گلگت(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر برائے کوآرڈینیشن محمد شراف الدین فریاد نے کہا ہے کہ امیر تنظیم اہلسنت والجماعت و خطیب مرکزی جامع مسجد حضرت مولانا قاضی نثار احمد صاحب پر قاتلانہ حملہ خطے کو ایک بار پھر نفرتوں کی آگ و خون میں دھکیل کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہنے والوں کی ناکام کوشش ہے۔ حکومت باریک بینی سے شرپسندوں کا تعاقب کر رہی ہے اور انشاء اللّٰہ تبارک و تعالیٰ بہت جلد واقعہ کی تہہ تک جائیں گے اور قوم کے اصل مجرموں کو بے نقاب کرکے انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔ گلگت بلتستان کا امن یہاں کے باسیوں کو جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس حوالے سے کسی چیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شراف الدین فریاد نے مزید کہا ہے کہ آج کا واقعہ گلگت بلتستان کے امن،ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کے پر امن فضاء پر حملہ ہے۔ عوام صبر وتحمل کا مظاہرہ کرے اور امن دشمنوں کے عزائم کو تمام سنی، شیعہ اور اسماعیلیہ مکاتب فکر کے سب امن و اخوت پسند لوگ ملکر ناکام بنادے۔ یہ علاقہ ہمارا ہے اور ہم سب اس خوبصورت چمن کے پھول ہیں اور اس خوبصورت چمن کے پھولوں کو مرجھانے والی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔